منگلورو، 24؍ جولائی (ایس او نیوز) سی ایس ٹی ممبئی سے نکلنے والی منگلورو - ممبئی ایکسپریس دودھ ساگر اور سونالیم اسٹیشن کے درمیان زمین کھسکنے کی وجہ سے پٹری سے اتر گئی ۔ خوش قسمتی سے کسی کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ٹرین میں موجود مسافروں کو مڈگاوں اسٹیشن کی طرف منتقل کیا گیا۔
خیال رہے کہ مسلسل تیز بارش کی وجہ سے گوا میں بہنے والی ویشیشتی ندی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور اس پر واقع پل پر سے ٹرینوں کو گزرنا پڑتا ہے ۔ اس لئے کونکن ریلوے نے بہت ساری ٹرینوں کو مڈگاوں- لونڈا - میرج کے راستے پر موڑ دیا ہے ۔ اس وجہ سے منگلورو - ممبئی ایکسپریس کو اس مرتبہ منگلورو- کاروار- مڈگاوں - لونڈا - میرج سے ہوتی ہوئی ممبئی کی طرف سفر کرنا تھا ۔ اسی دوران پہاڑی علاقوں میں موسلادھار برسات کے بعد ساوتھ ویسٹرن ریلوے روٹ کے دودھ ساگر اور کارنزول اسٹیشن کے بیچ صرف 20 منٹ کے وقفہ میں دو مقامات پر زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ۔ اس وجہ سے منگلورو - ممبئی ٹرین کی جنرل بوگی اور انجن پٹری سے اتر گیا ۔ اس وقت ٹرین میں 345 مسافر موجود تھے ۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی کیاسل راک اور واسکو ڈا گاما سے ایکسیڈنٹ ریلیف ٹیم اور ہبلی ڈیویژن محکمہ ریلوے کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے ۔ اسی دوران دودھ ساگر سے ہوتی ہوئی مڈگاوں کی بڑھ رہی حضرت نظام الدین ایکسپریس کارنزول اسٹیشن کے درمیان زمین کھسکنے کی وجہ سے پٹری سے اتر گئی۔ ساوتھ ویسٹرن ریلوے کی جانب سے مسافروں کو بسوں میں بھر کر منتقل کیا گیا ۔ اور ٹرین کو کیاسل راک کی طرف لے جایا گیا۔ اس روٹ پر چلنے والی کئی ٹرینیں منسوخ کردی گئیں ۔ دونوں مقامات پر مشینوں کے ذریعے ٹریک پر سے ملبہ ہٹانے اور ٹرین سروس بحال کرنے کی کارروائی جمعہ کے دن دیر رات تک جاری رہی ۔